مشکل حالات میں ریلیف فراہم کرنا انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے،سیدال ناصر
قائمقام چیئرمین سینٹ سیدال خان سے اسلامک ریلیف کے وفد نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت برطانیہ کی کونسلر شاہین اشرف نے کی۔قائم مقام چیئرمین سینٹ سیدال خان نے اسلامک ریلیف کے وفد کو چیمبر میں خوش آمدید کہا۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ اسلامک ریلیف نے قدرتی آفات کے دوران انسانیت کی خدمت کی جس پر شکر گزار ہیں۔پاکستان میں زلزلوں،سیلابوں اور خشک سالی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں اسلامک ریلیف کے رضاکار سب سے آگے رہے۔قائمقام چیئرمین سینیٹ نے ملاقات کے دوران کہا کہ صوبہ بلوچستان میں اسلامک ریلیف نے دور دراز علاقوں میں جا کر ریلیف کے کام کیے
۔آج بھی اسلامک ریلیف کے مختلف منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف علاقوں میں ریلیف سینٹر کا قیام قابل تعریف ہے،مشکل حالات میں ریلیف فراہم کرنا انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے۔ قائمقام چیئرمین سینٹ سیدال خان نے ادارے کو ریلیف کے کاموں کے سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور خدمات کی تعریف کی۔وفد نے قائمقام چیئرمین سینٹ کا شکریہ ادا کیا اور بلوچستان سمیت دیگر پسماندہ علاقوں میں نئے منصوبوں کے آغاز کے لیے عزم کا اظہار کیا۔