بھارت کی بدترین شکست، وزیراعظم نے نوجوان شاہینوں پر انعامات لٹا دیے

بھارت کو ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں عبرتناک شکست دینے والی قومی ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم نے شاندار ظہرانہ دیا اور نوجوان شاہینوں پر انعامات کی بارش کر دی۔

وزیراعظم نے قومی انڈر 19 ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا خود استقبال کیا، فرداً فرداً مصافحہ کیا اور تاریخی فتح پر دل کھول کر داد دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے فائنل میں شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا، جس پر کھلاڑیوں اور شرکاء نے بھرپور تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے بھارت کو بڑے مارجن سے شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اتنی بڑی اور یادگار فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا مستقبل کرکٹ میں محفوظ اور روشن ہاتھوں میں ہے۔

تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے فائنل میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے سمیر منہاس کو خصوصی شاباش دی جبکہ ٹیم مینجمنٹ اور سپورٹنگ اسٹاف کی محنت کو بھی سراہا۔

واضح رہے کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، جس کے بعد وطن واپسی پر نوجوان شاہینوں کا شاندار، تاریخی اور پُرجوش استقبال کیا گیا۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.