چولستان میں نایاب پرندے بھکھڑ کی آبادی میں اضافہ

چولستان میں نایاب پرندے بھکھڑ کی آبادی میں اضافہ

پنجاب وائلڈ لائف رینجرز کی مؤثر کاوشوں اور بہتر حفاظتی اقدامات کے نتیجے میں صحرائے چولستان میں نایاب نسل کے پرندے گریٹ انڈین بسٹرڈ (بھکھڑ) کی آبادی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وائلڈ لائف کنزرویٹر سید رضوان محبوب کے مطابق حالیہ دنوں میں انہوں نے چولستان میں اس نایاب پرندے کی ویڈیوز اور تصاویر حاصل کی ہیں، جو بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹ انڈین بسٹرڈ صرف پاکستان کے صحرائے چولستان اور بھارت کے راجستھان میں پایا جاتا ہے۔ اس کی کل عالمی آبادی 80 سے 90 پرندوں کے قریب ہے جبکہ پاکستان میں اس کی تعداد 30 سے 35 بتائی جاتی ہے۔

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر بہاولپور ریجن سید علی عثمان بخاری کا کہنا ہے کہ بھکھڑ کے تحفظ کے لیے چولستان میں خصوصی پبلک وائلڈ لائف ریزرو قائم کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اس نایاب پرندے کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

گریٹ انڈین بسٹرڈ جنوبی ایشیا کا ایک انتہائی خطرے سے دوچار پرندہ ہے، جسے عالمی ادارہ برائے تحفظ قدرت (IUCN) نے انتہائی ناپید انواع کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔ یہ دنیا کے بھاری بھرکم اڑنے والے پرندوں میں شمار ہوتا ہے، جس کے نر کا وزن 15 کلوگرام تک اور قد تقریباً ایک میٹر جبکہ پروں کا پھیلاؤ دو میٹر سے زیادہ ہوتا ہے۔ یہ سال میں صرف ایک انڈہ دیتا ہے، جس سے اس کی افزائش نسل کی شرح بہت کم رہتی ہے۔

قانونی طور پر اس پرندے کی خرید و فروخت ممنوع ہے اور سائٹیز (CITES) کے تحت بین الاقوامی تجارت پر بھی پابندی ہے۔ اس کی نایابی اور قانونی تحفظ کے باعث شکاری اور غیر قانونی تاجر بھی اس پرندے سے گریز کرتے ہیں۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.