افغان طالبان کے حملے ناکام، پاک فوج کا مؤثر جواب ، 50 جنگجو ہلاک، متعدد زخمی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) — پاک فوج نے چمن کے علاقے اسپن بولدک میں افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے بزدلانہ حملے ناکام بنا دیے۔ جوابی کارروائی میں 50 سے زائد جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 15 اکتوبر کی صبح افغان طالبان نے بلوچستان کے اسپن بولدک سیکٹر میں چار مختلف مقامات پر حملے کیے۔ حملے شہری آبادی کے قریب سے کیے گئے، جس سے ان کی انسانی اقدار سے لاتعلقی ظاہر ہوئی۔ پاک فوج نے بروقت اور بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے ٹھکانے تباہ کر دیے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ افغان طالبان نے اپنی جانب سے پاک افغان فرینڈشپ گیٹ کو بھی اڑا دیا، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور تعاون کے تصور کی نفی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں طالبان کے 15 سے 20 جنگجو مارے گئے جبکہ فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں پر بھی بھاری جانی نقصان ہوا۔ کرم سیکٹر میں بھی اسی رات افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا، جس میں 8 چوکیوں اور 6 ٹینک تباہ ہوگئے۔
ترجمان نے افغان طالبان کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا کہ حملہ پاکستان نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔