گلگت اور گوادر کے ٹیلنٹ کو ترقی کے دھارے میں شامل کریں گے،احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے “اڑان فیلوشپ پروگرام 2025” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان سے گوادر تک کے نوجوانوں کی شاندار صلاحیتوں کو قومی ترقی کے عمل سے جوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں حقیقی شراکت دار بنانا اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی قیادت کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ وزیرِاعظم کے وژن کے تحت “اڑان پاکستان” کا مرکزی ہدف نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اور سرمایہ اس کے نوجوان ہیں جو آبادی کا 64 فیصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت کا نتیجہ ہے لیکن یہ سوچنے کی بات ہے کہ وہ ممالک جو کبھی ہم سے پیچھے تھے آج آگے نکل گئے ہیں۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ امن، سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل، اصلاحات اور جدیدیت سے وابستگی ترقی کے بنیادی ستون ہیں لیکن بدقسمتی سے سیاسی انتقام کی وجہ سے فیصلے کرنے کا عمل متاثر ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے ذریعے ملک میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی، لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا گیا اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔

پروفیسر احسن اقبال نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نفرت اور تعصب سے بچیں اور ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مہنگائی پر قابو پایا گیا اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج 1,40,000 پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی جو معاشی بہتری کا ثبوت ہے۔ پاکستان ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے اور جس طرح دفاعی میدان میں ہم نے بھارت پر برتری ثابت کی، اسی طرح معیشت میں بھی آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو 2047 تک پاکستان کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزید برآں، ملک کی 131 جامعات کے طلبہ وزارت منصوبہ بندی کے ساتھ سات روز تک کام کریں گے جہاں وہ ملک کے معاشی امور اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم معلومات حاصل کریں گے۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.