امریکا اور قطر کا آئیڈاہو میں فضائیہ کی مشترکہ سہولت کا معاہدہ
امریکا اور قطر کے درمیان امریکا کی ریاست آئیڈاہو میں قطری فضائیہ کی ایک سہولت تعمیر کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔
جمعہ کے روز پینٹاگون کے سربراہ پیٹ ہیگ سیٹھ نے اعلان کیا کہ ماؤنٹین ہوم ایئر بیس پر تعمیر کی جانے والی یہ سہولت ایف-15 طیاروں اور پائلٹس کے ایک دستے کی میزبانی کرے گی تاکہ مشترکہ تربیت کو فروغ دیا جا سکے اور دفاعی ہم آہنگی میں اضافہ ہو۔
مسٹر ہیگ سیٹھ نے قطری وزیرِ دفاع شیخ سعود الثانی کے ہمراہ بات چیت کے دوران کہا، ’’یہ ہماری شراکت داری کی ایک اور مثال ہے‘‘۔ انہوں نے غزہ امن مذاکرات میں قطر کے قائدانہ کردار پر دوحہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یہ پیش رفت 2017 میں واشنگٹن اور دوحہ کے درمیان 12 ارب ڈالر کے اس معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت امریکا نے قطر کو ایف-15 کیو اے لڑاکا طیارے فروخت کیے تھے۔
خیال رہے کہ ماؤنٹین ہوم ایئر بیس 2009 سے سنگاپور کی فضائیہ بھی استعمال کر رہی ہے جہاں ایف-15 ایس جی جنگی طیاروں اور عملے کا ایک دستہ تعینات ہے۔