اگر بھارت “نئے معمول” کی بات کرے گا تو ہم نئی عسکری حکمتِ عملی سے جواب دیں گے،فیلڈ مارشل

اگر بھارت “نئے معمول” کی بات کرے گا تو ہم نئی عسکری حکمتِ عملی سے جواب دیں گے،فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں پاک فوج نے دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کانفرنس کا آغاز حالیہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے دہشت گردی کے خلاف فوج کے عزم، حوصلے اور قربانیوں کو سراہا اور بتایا کہ فوج نے حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو و ریلیف آپریشنز میں سول اداروں کے ساتھ مؤثر کردار ادا کیا۔ فورم نے ملک بھر میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، ابھرتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور یہ فیصلہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہوں کو ہر سطح پر ختم کیا جائے گا۔

اجلاس نے بھارتی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ اگر بھارت کسی “نئے معمول” (New Normal) کی بات کرے گا تو پاکستان اس کا جواب نئے اور مؤثر عسکری ردعمل سے دے گا۔ فورم نے کہا کہ بھارتی جنگی بیان بازی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور کسی بھی جارحیت کا فوری، سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

کانفرنس نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا، سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ کا خیرمقدم کیا اور مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقِ خودارادیت اور انسانی امداد کی فوری فراہمی پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل نے تمام کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط اور تیز ردعمل کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت بھی دی۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.