پاکستان نے بھارت کے وزیرِ خارجہ کے حالیہ اشتعال انگیز بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام قومی ادارے، بشمول مسلح افواج، ملکی سلامتی کے اہم ستون ہیں جو وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت پرعزم ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مئی 2025 کی کشیدگی نے پاکستانی افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور بھارتی جارحیت کے مقابلے میں بھرپور دفاعی عزم کو پوری دنیا کے سامنے نمایاں کیا، اور کوئی بھی پروپیگنڈا اس حقیقت کو مسخ نہیں کر سکتا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششیں خطے اور دنیا کے سامنے بھارت کی تخریبی سرگرمیوں سے توجہ ہٹانے کی منظم مہم کا حصہ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے مسلح افواج پر تنقید کرنے کے بجائے اپنے پرتشدد ہندوتوا نظریے کا جائزہ لینا چاہیے، جو ماورائے عدالت قتل، پرتشدد کارروائیوں، من مانی گرفتاریوں اور عبادت گاہوں کی مسماری کا سبب بن رہا ہے۔
پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، لیکن اپنے قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحد اور پرعزم ہے۔