پاک فوج نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف دو علیحدہ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں انجام دی ہیں، جن میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے ٹانک اور لکی مروت ڈسٹرکٹ میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ٹانک میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات اور لکی مروت میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور علاقے میں دیگر بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خلاف کلیرنس آپریشن جاری ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے ڈیرہ بگٹی میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مستعدی سے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دونوں کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز کی بروقت اور پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ان کے عزم کو سراہا۔