افواج پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر فخر، عوام افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،وزیر اعلیٰ بلوچستان

 وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا بیسواں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی، گرین بس سروس کے روٹس اور تعداد میں اضافے، جسٹس آف دی پیس کی تعیناتی، عوامی مسائل کے حل اور مفادِ عامہ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

کابینہ نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو “سی ڈی ایف” کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ نے افواج پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔

عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے گرین بس سروس کے روٹس اور تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے، اور پہلی بار خواتین کے لیے پنک بس سروس شروع کی جائے گی۔ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز کے پیش نظر بلوچستان میں پہلا کلائیمنٹ فنڈ قائم کیا گیا۔

صوبائی کابینہ نے آلودگی کے باعث رکشوں اور موٹر بائیکس پر مرحلہ وار پابندی لگانے اور الیکٹرک بائیکس و الیکٹرک رکشے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔

کابینہ نے بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹریبونل کے چیئرپرسن کی تقرری کی توثیق، برتھ اینڈ ڈیتھ رجسٹریشن ماڈل بائی لاز 2022 کی منظوری اور اقلیتی “بہائی” کمیونٹی کے لیے اسپیشل میرج ایکٹ کی منظوری دی۔

ڈویژن کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو جسٹس آف دی پیس کے اختیارات تفویض کیے گئے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف، قانونی رکاوٹوں کے خاتمے اور ہراسانی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے موثر فورم فراہم کیا جا سکے۔

بلوچستان کے تین ہزار سنگل روم اسکولز میں اضافی کمرے اور سہولیات فراہم کرنے کے اخراجات کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا اور آئندہ تین سالوں میں 90 فیصد اسکولوں کو کم از کم دو کمروں تک توسیع دی جائے گی۔

صوبائی کابینہ نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں “پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ” اور “بلوچستان لائیولی ہڈ” سپورٹ پروجیکٹ کی تشکیل کی منظوری دی، اور ٹیکس آن لینڈ اینڈ ایگریکلچر انکم رولز 2025 کی منظوری دی۔ بلوچستان لیویز فورس سروس رولز 2023 میں ترمیم بھی کی گئی۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.