اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جاری تنازعات عالمی امن کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں، جبکہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی تھی۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر سلگتے ہوئے تنازعات، دنیا کے امن کو غیر معمولی چیلنجز سے دوچار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تنازعات اور طاقت کے استعمال سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی کو بھی ایک بڑا عالمی مسئلہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ، سیلابوں کی شدت اور مسلسل موسمیاتی آفات پاکستان کی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب کر رہے ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے دنیا میں بڑھتی ہوئی معاشی بے یقینی، غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت، اور جنوبی ایشیا میں موجود غربت، ناخواندگی اور قدرتی آفات جیسے بڑے چیلنجز کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر تنازع کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو بہترین راستہ سمجھتا ہے۔